حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ کوئٹہ میں حقیقی آزادی تحریک کے دورانِ احتجاج قتل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن عمر عزیز ناصر کے اہل خانہ اور ورثاء سے تعزیت کے موقع پر کہا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان نئی نسل میں شعور اور بیداری کی لہر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ملک کو خاندانی جمہوریت اور کرپٹ مافیا سے نجات دلا کر حقیقی جمہوریت اور بہتر جمہوری نظام دیں گے۔
انہوں نے عمر عزیز کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، مولانا ذاکر حسین درانی، ضلعی صدر ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ سید ابراہیم شاہ، عیوض علی ہزارہ، محمد رضا و دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا: نئی نسل معاشرے میں جاری کرپشن اور ظالمانہ نظام سے بیزار ہو کر ملک و قوم کی قسمت بدلنا چاہتے ہیں۔ غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لئے دی جانے والی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ پاک وطن کے شہداء نے جو خون دیا ہے، وہ رائیگاں نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان نئی نسل میں شعور اور بیداری کی لہر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ جو وطن عزیز پاکستان میں ظلم و جبر خاندانی جمہوریت، سامراجی مداخلت اور غلامی کے خاتمے کا سبب بنے گی۔ ملک کو خاندانی جمہوریت اور کرپٹ مافیا سے نجات دلا کر حقیقی جمہوریت اور بہتر جمہوری نظام دیں گے۔ تاکہ ملک مزید انحطاط کی بجائے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔